Author Topic: مام دین لوہار { حبیب اکرم } افسانہ  (Read 1492 times)

0 Members and 1 Guest are viewing this topic.

Offline Leon

  • VIP Member
  • *
  • Posts: 6136
  • Reputation: 126
  • Gender: Male
  • Happy Ending
    • Hum Tum
امام دین لوہار  { حبیب اکرم }

گاؤں آیا تو پہلی خبر جو مجھے ملی وہ تھی کہ امام دین مر چکا ہے۔ دوسری خبر یہ تھی کہ امام دین مرنے سے ایک دن پہلے اپنی اہرن اور ودان (بڑا ہتھوڑا)مجھے دینے کے لیے ہمارے گھر پہنچاگیا تھا۔ اب اہرن اور ودان میرے سامنے پڑے تھے اور میں سوچ رہا تھا کہ لوہا کوٹنے کے کام آنے والے ان دونوں اوزاروں کے بیچ اب مجھے آنا ہے۔ یہ دونوں اوزار کھیل کی اس مشعل کی طرح تھے جو ایک کھلاڑی معین فاصلہ طے کر کے دوسرے کے حوالے کرتا ہے اور خود بے چنت ہو کر بیٹھ جاتا ہے۔
امام دین ہمارے گاؤں کا لوہار تھا۔ یہ تو سب کو پتا ہے کہ دیہات میں کاریگر اور ہنرمند صرف لوہار کو ہی سمجھا جاتا ہے۔ کمہار، موچی، جولاہے اور حجام خواہ کتنے ہی کاریگر کیوں نہ ہوں وہ ضروری تو سمجھے جاتے ہیں لیکن ہنر مند نہیں۔ اہل حرفہ میں سے لوہار اور ترکھان کو جو درجہ حاصل ہے وہ کسی دوسرے شخص کو کم ازکم دیہی زندگی میں تو نہیں دیا جاتا۔ امام دین لوہار کی حیثیت صرف ہمارے گاؤں میں ہی نہیں بلکہ اردگرد کے دیہات میں بھی مانی جاتی تھی۔ اس کی کاریگری کا فائدہ اٹھانے کے لیے علاقے کے تمام لوگ ہمارے گاؤں ہی آیا کرتے تھے۔ وہ تھا بھی ہر فن مولا۔کسی نے جانوروں کی زنجیر بنوانی ہو یا کوئی اپنی ٹرالی مرمت کروانا چاہے، کسی کے ہل پھالے ٹھیک ہونے ہو یا کسی کا ٹریکٹر ٹھیک نہ چل رہا ہو، امام دین کے پاس ہر کسی کے مسئلے کا حل موجود ہوتا تھا، بس مسئلے میں لوہے کا کوئی پرزہ شامل ہونا چاہیے۔
اس کی کاریگری گاؤں والوں کے ایک نعمت تھی۔ آج کل کا تو رواج ہے کہ ذرا سا کسی کو اپنے ہنر پر اعتماد ہوتو وہ گاؤں چھوڑ کر شہر اور زیادہ اعتماد ہو تو ملک چھوڑ کر دوسرے ملک چلاجاتا ہے۔ امام دین کا قصہ الٹ تھا۔ اس نے لوہار کا کام تو اپنے باپ دادا سے ہی سیکھا تھا لیکن پیچیدہ پیچیدہ کام کرنا اسے شہر میں آیا تھا۔ مزے کی بات تھی کہ یہ کام سیکھ کر وہ گاؤں واپس چلا آیا تھا جہاں مزدوری بھی کم تھی اور زندگی بھی شہر کی نسبت مشکل۔ ایک لوہار کوئی چودھری تو ہوتا نہیں۔ کتنا بھی کاریگر ہو اسے نمبردار اور چودھریوں کے نیچے ہی رہنا پڑتا تھا۔ بہت پہلے کی بات ہے کہ ایسے ہی میں نے اس سے پوچھ لیا کہ گاؤں تو زمینداروں کی دنیا ہے، وہ کیوں واپس چلا آیا۔ اس نے عجیب سا جواب دیا تھا، بولا ’’میں لوہار ہوں، اور لوہار سخت سے سخت لوہے کو بھی اپنی مرضی پر ڈھال لیتا ہے‘‘۔ اس کا یہ جواب سن کر مجھے سمجھ تو کم آئی حیرت زیادہ ہوئی کہ سوال گندم کا ہو جواب چنے کا دیتا ہے۔ اب جب سمجھ آئی تو حیرت خود پر ہوتی ہے کہ میں سامنے کی باتیں بھی نہیں سمجھ پاتا۔
اپنی تعلیم مکمل کر کے میں مقابلے کے امتحان کی تیاری کرنے کے لیے گاؤں میں تھا۔ گاؤں کا پرسکون ماحول بندے کو امتحان کے لیے بڑی اچھی طرح تیار کردیتا ہے۔ میں اس وقت بڑا پڑھاکو ہوا کرتا تھا اور کتابیں لے کر گھر پہنچا ہوا تھا۔ ایک دن ہوا یوں کہ ہمارا ٹریکٹر خراب ہوگیا تو اباجی نے امام دین کو بلا بھیجا۔ جب وہ ٹریکٹر کا معائنہ کر رہا تھا تو میں بھی اس کے پاس کھڑا ہوگیا۔ میں نے محسوس کیا کہ اس معائنے کے دوران اس کی آنکھیں چمک رہی ہیں۔ وہ ہمارے پرانے سے ٹریکٹر کے گرد یوں گھوم رہا تھا جیسے اپنی پسندیدہ گاڑی کا طواف کر رہا ہے جسے وہ خریدنا چاہ رہا ہے۔ پھر اس نے ٹریکٹر کی باڈی پر یوں ہاتھ پھیرا جیسے ذرا بے پروائی کی تو پچک جائے گی۔ اس کے بعد تو اس نے ایک عجیب و غریب حرکت کی، وہ یہ کہ انتہائی سنجیدگی سے اس مشین سے پوچھنے لگا ’’کیا ہوا ہے تجھے؟‘‘ یہ سوال کئی بار دہرا کر اس نے کچھ ایسا انداز بنایا جیسے ٹریکٹر اس سے کچھ کہہ رہا ہو۔ پھر اس نے کسی پرزے کو چھوا اور اپنے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے اور شہادت کی انگلی کی مدد سے کوئی پیچ کسا یا ڈھیلا کیا۔ اس کام کے بعد وہ ٹریکٹر پر بیٹھا، چابی لگائی اور اگلے ہی لمحے ٹریکٹر سٹارٹ ہوگیا۔
میں نیانیا یونیورسٹی سے نکلا تھا اور ہرچیز کی اصلیت پر شک کرنا میری سرشت میں شامل ہوچکا تھا۔ اسی لیے اس وقت میرے دل میں امام دین کے بارے میں یہ خیال گزرا کہ معمولی خرابی کو اپنے انداز سے پیچیدہ ثابت کرنا اور پھر اس کو نہایت آسانی سے درست کرنا ہی اس کا ہنر تھا۔ ظاہر ہے کسی اوزار کے بغیر ٹھیک ہوجانے والی خرابی معمولی ہی تو ہوگی۔ ابھی میں یہ سوچ ہی رہا تھا کہ اس کی آواز آئی ’’چودھری صاب آپ بھی نا اس وچارے کا خیال نہیں رکھتے، یہ آپ کی اتنی خدمت کرتا ہے پر کوئی صلہ اسے نہ ملا‘‘، وہ ابا جی سے مخاطب تھا۔ انہوں نے مسکرا کر جیب سے پچاس روپے کا نوٹ نکالا، اسے دینے لگے کہ وہ پھر بول پڑا ’’ نہ نہ، اب اتنے سے کام کا آپ سے کیا لینا، پر ٹریکٹر دکان پر بھیج دینا میں تیل شیل بدل کے ٹھیک ٹھاک کر دوں گا‘‘۔ اپنی بات مکمل کر کے امام دین واپسی کے لیے چل پڑا۔
اس کی دکان ہی اس کا گھر تھی۔ گاؤں میں دکان کا مطلب شہر کی تعریف کے مطابق نہیں بلکہ کچھ مختلف ہوتا ہے۔ امام دین لوہار کی دکان کے ساتھ ایک چھوٹا سا صحن بھی تھا۔ صحن بھی کیا تھا بس اس کے دائیں بائیں پڑوسیوں کے درمیان کھلی جگہ تھی۔ اس احاطے کا کوئی دروازہ نہیں تھا، البتہ ایک لکیر سی کچی زمین پر کھدی تھی۔ جس کے دوسری طرف اس کا گھر اور دکان تھے۔ جس کمرے کو اس نے دکان کا نام دے رکھا تھا اس میں دنیا جہان کا لوہے کا کباڑ تھا۔ اس کا ایک دروزاہ بازار میں اوردوسرا صحن میں کھلتا تھا۔ صحن میں ایک طرف لوہاروں کی بھٹی لگی تھی جس میں ضرورت کے وقت وہ لوہا گرم کیا کرتا تھا۔ دکان کے سامنے لگے ایک بڑے سے کیکر کے سائے تلے اس نے اپنی ورکشاپ بنا رکھی تھی۔
اس دن جب وہ ٹریکٹر ٹھیک کر کے چلا گیا تو اباجی نے مجھے ٹریکٹر اس کی دکان پر لیجانے کے لیے کہا۔ مجھے دوپہر کو نیند نہیں آتی۔ گرمیوں کے دن تھے، یوں کہیے کہ شدید گرمیوں کے دن تھے۔ میں نے سوچا کہ ٹریکٹر ٹھیک کرانے ابھی چلتے ہیںاور میں ٹریکٹر لے کر اس کی دکان پر پہنچ گیا۔ مجھے دور سے ہی دیکھ کر کیکر کے سائے میں لیٹا ہوا امام دین اٹھا اور آگے بڑھ کر اتنی خوشی سے ملا کہ مجھے حیرت ہونے لگی۔ امام دین کی شادی نہیں ہوئی تھی، ماں باپ مر چکے تھے اور بہن بھائی گاؤں چھوڑ چکے تھے۔ وہ خود اندر گیا اور اپنے اوزاروں کے تھیلے کے ساتھ میرے لیے پانی بھی لیتا آیا۔ گرمی شدید تھی، میں نے پانی پیا۔ اس وقت ہم دونوں کے علاوہ گاؤں کے بازار میں کوئی دوسرا انسان نظر نہیں آرہا تھا۔
امام دین لوہار نے پھر محبت سے اوزار نکالے، اور پیار سے ٹریکٹر کے کیل قابلے کھولنے کسنے لگا۔ اپنے کام کے دوران ہی وہ بولا’’چودھری سنا ہے تو نے افسری کا امتحان دینا ہے؟‘‘۔
’’ہاں دینا تو ہے‘‘
بڑا مشکل کام نہیں، اس نے پوچھا
’’ہاں ، ہے تو پر کرنا پڑتا ہے‘‘، میں نے کہا
وہ خاموش رہا تو میں نے پھر پوچھا ’’یوں لگتا ہے تمہیں اپنے کام سے بڑا پیار ہے‘‘
کام سے اتنا نہیں جتنا لوہے سے پیار ہے، وہ بولا۔
اس کی یہ بات سن کر خاموش ہونے کی باری اب میری تھی۔ میں سوچنے لگا اس جاہل لوہار کو کیا پتا کہ اس کی بات کتنی گہری ہے۔ بلا وجہ ہی بات کردی کہ کا م سے نہیںلوہے سے پیار ہے۔
تھوڑی دیر بعد میں نے کہا ’’لوہے سے کیا پیار کرنا اصل چیز تو ہنر ہے جو لوہے کو کام میں لے آتا ہے‘‘۔
’’ چودھری مجھے تو لوہے سے پیار ہے، کیونکہ اس میں برکت بھی ہے اور سختی بھی‘‘
اس نے بات ختم کی تو میں سناٹے میں آگیا۔ جو بات یہ جاہل لوہار کر رہا تھا میں نے اسلامیات کی کئی کتابیں پڑھ کر سمجھی تھی۔ ان دو باتوں کے بعد مجھے تھوڑی سے کرید ہوئی کہ میں اس کو مزید جانوں۔
میں نے پوچھا ’’امام دین، لوہے سے تمہیں پیار کب ہوا‘‘
’’جب لوہے کو لال سرخ ہوتے ہوئے دیکھا، پھر اہرن پرودان کی چوٹیں کھاتے اور موم ہوتے ہوئے دیکھا تو مجھے اس پر بڑا ترس آتا تھا کہ دیکھو غریب کے ساتھ کیا ہورہا ہے۔ کبھی مڑ تڑ کر چھکا (برتن رکھنے کے لیے ٹوکری) بن جاتا ہے، کبھی بالٹی، کبھی چھری، کبھی تلوار اور تو اور کبھی اہرن ،کبھی ودان۔ سب کچھ بن جاتا ہے پر رہتا لوہا ہی ہے۔ مقناطیس کا شیدائی! بس اس کی یہی خصلت دیکھ کر مجھے اس سے پیار ہوگیا‘‘
یہ بات کرتے ہوئے اس نے کام چھوڑ دیا تھا اور اس کی آنکھیں چمک رہی تھیں جیسے اپنے بہت ہی پیارے کسی کا ذکر کرتے ہوئے چمکنے لگتی ہیں۔ مجھے یوں لگا اس کی آنکھیں کچھ بھیگ بھی گئی تھیں۔ مجھے پتا ہی نہیں چلا کہ اس کی اس بات نے کب مجھے تجسس کی آگ میں جھونک کر لال سرخ کر دیا تھا۔ اب وہ جیسے چاہتا مجھے موڑ سکتا تھا، لیکن اس نے اس کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ اپنے کام میں مصروف ہوگیا۔ اس نے اپنی بے توجہی کی دھونکنی سے آگ اور تیز کر دی تھی۔ میں اسی ادھیڑ بن میں تھا کہ اس نے ٹریکٹر سٹارٹ کر دیا۔ اس کی آواز سے میں چونک پڑا۔ اس نے ٹریکٹر بند کیا اور بولا’’لے چودھری تیرا شیر تیار کر دیا ہے، لے جا اسے‘‘ اور چابی میرے ہاتھ میں دے دی۔ میں چار پائی سے اٹھا تو فیصلہ کر چکا تھا کہ اس سے پوچھ کے رہوں گا کہ یہ کیا ہے۔
میں نے اپنے ذہن میں بڑی جوڑ توڑ کر کے سوال بنایا ’’امام دین تم لوہا ہو یا مقناطیس ‘‘
’’ میں کباڑ میں پڑی لوہے کی کترن ہوں، کسی کام کا نہیں، زنگ کا مارا ہوا‘‘ اس نے اداس سے لہجے میں جواب دیا۔ اور بولا ’’چودھری جا، تو کن چکروں میں پڑا ہے، پڑہائی شڑہائی کر افسر بن‘‘۔ یہ کہہ کر اس نے اپنے اوزار سمیٹے اور میری طرف دیکھے بغیر اپنے صحن کی حد، اس لکیر کے دوسری طرف چلا گیا۔
میں اس وقت تو واپس چلا آیا لیکن اس کی باتوں نے ذہن میں تجسس کی آگ بھڑکا دی تھی۔ اس مختصر ملاقات کے بعد تفصیل کی پیاس بڑھ گئی تھی۔ مجھے یوںلگ رہا تھا جیسے وہ دنیا کے بارے میں وہ کچھ جانتا ہے جو میں نہیں جانتا اور مجھے یہ سب کچھ جاننا تھا، میں اس کا تہیہ کر چکا تھا۔ ایک اور احساس مجھے کبھی کبھی تنگ بھی کر رہا تھا کہ ایک لوہار سے لوہے کے علاوہ کوئی بات کرنا چودھریوں کی شان نہیں لیکن تجسس ایک عجیب بیماری ہے اور نوجوانی میں تویوں بھی ہر پردہ اٹھانے کو دل چاہتا ہے ۔ میری کیفیت بڑی عجیب تھی ،میں نے جیسے تیسے چوبیس گھنٹے گزارے اور اگلے روز دوپہر کو دوبارہ اس کے گھر چلا گیا۔
امام دین کیکر کے نیچے نہیں تھا، میں جانتا تھا کہ وہ اپنے گھر میں ہو گا۔ ابھی میں یہی سوچ رہا تھا کہ اس کے احاطے کی لکیر پار کروں، وہ مجھے اپنی دکان سے نکلتا نظر آیا۔ میں اسے دیکھ کر آگے بڑھنے کے ہی قدم بڑھا ہی پایا تھا کہ اس نے کہا ’’چودھری رک جا، اس طرف پردہ ہے‘‘۔ میر ے لیے عجیب بات تھی کہ ایک سدا کا کنوارا اپنے گھر میں پردے کی بات کر رہا ہے۔ اتنی دیر میں وہ باہر آیا اور کیکر کے نیچے پڑی چارپائی کی طرف اشارہ کرکے مجھے بیٹھنے کے لیے کہا۔ میں رہ نہیں سکا اور بول اٹھا، ’’امام دین تمہارے گھر میں پردہ کیسے ہو گیا؟‘‘ میرا سوال سمجھ کر وہ مسکرادیا۔
چودھری پردہ صرف عورت کا ہی تو نہیں ہوتا، بہت کچھ اور بھی ہوتا ہے چھپانے والا!
تمہارے پاس کیا ہے چھپانے والا، لوہا یا مقناطیس، میں نے پوچھا
دونوں میں سے کچھ بھی نہیں، کچھ اور ہے۔ وہ بولا
وہ کیا، بے ساختہ میرے منہ سے لفظ پھسل گئے۔
اس نے گہری نظروں سے میری طرف دیکھا اور پھر بولا ’’وہ رشتہ جو مقناطیس کو لوہے سے جوڑے رکھتا ہے‘‘
’’امام دین تم وہ نہیں ہو جو دکھتے ہو‘‘
’’ہاں میں اس سے زیادہ برا ہوں جتنا دکھتا ہوں۔ میں نے تو پہلے بھی کہا تھا نا کہ میں کباڑ میں پڑا بے کار لوہے کا ٹکڑا ہوں، تم پتا نہیں کیا سمجھ رہے ہو‘‘۔ اس کی آواز کچھ تلخ ہوگئی تھی۔ مجھے لگا اس کے لہجے سے وہ دیہاتی جہالت کا اکھڑ پن ختم ہوگیا ہے ، تلخی اپنی جگہ لیکن باتوں سے ایک شستگی جھلکنے لگی تھی۔ ہم دونوں اب تک کھڑے تھے۔ اس نے مجھے ایک بار پھر بیٹھنے کے لیے کہا، میں بیٹھ گیا اور وہ بھی چارپائی کی پائنتی کی طرف بیٹھ گیا۔ مجھے کچھ عجیب سا لگا، کیونکہ مجھے محسوس ہو رہا تھا کہ یہ پائنتی کا نہیں سرہانے کا آدمی ہے۔
’’دیکھو امام دین مجھے بتاؤ تم کیا ہو، تم نے اس طرح کی باتیں کہاں سے سیکھیں، اتنی گہری باتیں تو گاؤں میں کیا شہر میں بھی کوئی نہیں جانتا‘‘۔
وہ مسکرا اٹھا ’’چودھری تو ابھی ابھی پڑھ لکھ کر آیا ہے نا اس لیے دنیا کو کتابوں کے اندر سے دیکھتا ہے، آہستہ آہستہ تجھے سب سمجھ میں آنے لگے گا کہ دنیا میں کتابوں سے آگے بھی کچھ ہے‘‘
’’مجھے بتاؤ وہ کیا ہے‘‘
’’رشتہ، تعلق، پیار۔ یہ سب کچھ کتاب سے باہر ہے کتاب میں تو صرف اس کا ذکر ہے۔ تو لوہے کو کام کی چیزسمجھتا ہے میں اس سے پیار کرتا ہوں۔ بتا کون سی بات ٹھیک ہے، تیری یا میری؟‘‘
اس کے سوال کا جواب میرے پاس نہیں تھا۔ میں نے کہا ’’میں تمہیں جاننا چاہتا ہوں‘‘؟
وہ ہنس پڑا ’’پھر کیا ہوگا۔ فرض کر میں زمین کا کلر ہوں جو باہر آگیا ہے، فرض کر میں اس دنیا کا قطب ابدال ہوں تو تجھے کیا فرق پڑے گا؟ چودھری سب کچھ جان لینے کی لگن ٹھیک نہیں ہوتی، دنیا ڈھکی چھپی ہی اچھی ہی لگتی ہے‘‘
میں سمجھ گیا اب مجھے وہ کچھ نہیں بتائے گا۔ میں نے پوچھا ’’امام دین میں مقابلے کا امتحان پاس کر لوں گا؟‘‘
میرا سوال سن کر وہ بے تحاشا ہنسا۔ اس کی آنکھوں میں ہنستے ہنستے پانی آگیا۔ جب ذرا ہنسی تھمی تو کہنے لگا ’’لوہار کے پاس سب لوہا لینے ہی آتے ہیں‘‘ وہ پھر ہنسنے لگا، تھوڑی دیر بعد بولا ’’تو تو لگتا ہی افسر ہے، تجھے تو خوشی سے افسر لگائیں گے اور نہ لگائیں تو میرا افسر بن جانا‘‘ اس کے بعد ہنستے ہنستے وہ اپنی لکیر پار کر کے گھر کے اندر چلا گیا۔
میں اپنے گھر آگیا۔ اس کے بعد میں نے کبھی کوئی بات کرنے کی کوشش بھی کی تو اس نے محبت سے ٹال دیا۔ میں نے بھی تنگ آکرکوشش چھوڑ دی۔ مقابلے کا امتحان ہوا میں پاس بھی ہوگیا۔ مدت گزر گئی ، گاؤں آتے جاتے دیکھتا رہا کہ امام دین بھی بوڑھا ہوتا چلا جارہا ہے، میری کنپٹیاں بھی سفید ہونے لگی تھیں۔ ایک دن میں اپنی سفید کنپٹیاں لے کر دوبارہ اس کے ٹھکانے پر جا پہنچا۔ بیس سال پہلے کی طرح آج بھی گرمی تھی، بازار سنسان تھا اور امام دین اپنے گھر کے آگے کیکر کے سائے میں چارپائی پر لیٹا تھا۔ مجھے دیکھ کر وہ اٹھ بیٹھا، سرہانے کی طرف کی جگہ میرے لیے خالی کرنا چاہی تو میں جلدی سے پائینتی میں ہی بیٹھ گیا۔ وہ یہ دیکھ کر تھوڑا سا مسکرایا اور بولا ’’چودھری لگتا ہے تو بہت بڑا ہوگیا ہے‘‘؟
Tanhai Main Bethe Bethe Gum Ho Jata Hun
Main Aksar Main Nahi Rehta Tum Ho Jata Hun

Offline Master Mind

  • 4u
  • Administrator
  • *
  • Posts: 4478
  • Reputation: 85
  • Gender: Male
  • Hum Sab Ek Hin
    • Dilse
    • Email
Re: مام دین لوہار { حبیب اکرم } افسانہ
« Reply #1 on: October 23, 2009, 05:13 AM »
 0133 boht achi sharing hai  thanks

Offline Samera

  • Sr. Member
  • *
  • Posts: 2883
  • Reputation: 63
  • Gender: Female
Re: مام دین لوہار { حبیب اکرم } افسانہ
« Reply #2 on: November 28, 2009, 06:15 PM »
bohat umdha very nice sharing

Offline ahmed

  • Sr. Member
  • *
  • Posts: 1305
  • Reputation: 11
  • Gender: Male
    • Email
Re: مام دین لوہار { حبیب اکرم } افسانہ
« Reply #3 on: December 22, 2009, 07:17 PM »
very nice sharing  thumbsss thumbsss


Pakistan Zindabad




Offline King

  • Sr. Member
  • *
  • Posts: 1652
  • Reputation: 4
  • Gender: Male
Re: مام دین لوہار { حبیب اکرم } افسانہ
« Reply #4 on: January 01, 2010, 06:29 AM »
VERY NICE SHARING   shakehandnn