میری غلطیوں کو چنا کرو
میری لرزشوں کو گنا کرو
یہ قدم قدم کی حدود کیا
میرے ساتھ ساتھ چلا کرو
میں کھلے مزاج کا شخص ہوں
میں تکلفات سے ہوں ماورا
یہ جو مہربانی کا لفظ ہے
اسے تم نہ مجھ سے کہا کرو
کہیں تم نہ ہو جاؤ بے سکوں
کوئی بددعا تمہیں کھا نہ لے
یہ جو کھوے کھوے سے لوگ ہیں
انہیں دیکھ کر نہ ہنسا کرو
یہ دعا ہے ربِ کریم سے
تیری تازگی کو خزاں نہ ہو
یہ بہار تم سے جلا کرے
سدا مسکراتے رہا کرو