جوہانسبرگ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی ٹیم کے کپتان یونس خان چیمپئنز ٹرافی میں 2 مزید اچھے دنوں کی تلاش میں ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 کپ جیتنے کے بعد ہم چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں اور اب ہمیں مزید 2 اچھے دنوں کی ضرورت ہے اگر ایسا ہو جاتا ہے تو میرے لئے خصوصاً پاکستان کیلئے بہت اچھا ہوگا ہمیں اپنے ملک کیلئے بڑے ٹائٹلز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین نہیں کہ نیوزی لینڈ کو سری لنکا اور انگلینڈ کو لیگ میچز ہرانے کی وجہ سے پاکستان پر فوقیت حاصل ہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل یا فائنل میں کسی بھی ٹیم کو دوسرے پر فوقیت حاصل ہوتی ہے اگر ہم نے اپنا فطری کھیل کھیلا تو سیمی فائنل میں کامیاب ہو جائیں گے۔ دریں اثناء نیوزی لینڈ کے آل رائونڈر گرانٹ ایلیٹ کا انگوٹھا زخمی ہے۔ ٹیم کے کیپٹن ڈینیئل وٹوری نے کہا ہے کہ گرانٹ پریکٹس میں حصہ لے گا تاہم اس کی شرکت کا فیصلہ آخری لمحوں میں کریں گے۔