کچے زخموں سے
کچے زخموں سے بدن سجنے لگے راتوں کے
سبز تحفے مجھے آنے لگے برساتوں کے
جیسے سب رنگ دھنک کے مجھے چھونے آئے
عکس لہراتے ہیںآنکھوں میں مری‘ساتوں کے
بارشیں آئیں اور آنے لگے خوشرنگ عذاب
جیسے صندوقچے کُھلنے لگے سوغاتوں کے
چُھو کے گُزری تھی ذراجسم کو بارش کی ہَوا
آنچ دینے لگے ملبوس جواں راتوں کے
پہروں کی باتیں وہ ہری بیلوں کے سائے سائے
واقعے خوب ہُوئے ایسی ملاقاتوں کے
قریہ جاں میں کہاں اب وہ سخن کے موسم
سوچ چمکاتی رہے رنگ گئی باتوں کے
کِن لکیروں کی نظر سے ترا رستہ دیکھوں
نقش معدوم ہُوئے جاتے ہیں ان ہاتھوں کے
تُو مسیحا ہے،بدن تک ہے تری چارہ گری
تیرے امکاں میں کہاں زخم کڑوی باتوںکے
قافلے نکہت وانوار کے بے سمت ہُوئے
جب سے دُولھا نہیں ہونے لگے باراتوں کے
پھر رہے ہیں مرے اطراف میں بے چہرہ وجود
اِن کا کیا نام ہے ‘یہ لوگ ہیںکِن ذاتوں کے
آسمانوں میں وہ مصروف بہت ہے___یاپھر
بانجھ ہونے لگے الفاظ مناجاتوں کے