نائن الیون کے ذمہ دار پاکستان پہنچ چکے ہیں : امریکی ترجمان....ہر جگہ نشانہ بنائیں گے : اوباما
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک + اے ایف پی + رائٹر) امریکی صدر بارک اوباما کے پاکستان کے لئے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک نے کہا ہے کہ کیری لوگر بل اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود سے ملاقات کے دوران انہوں نے کیری لوگر بل کی منظوری پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس بل پر مسلسل تنقید سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں میڈیا آزاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ میں کارروائی پر میں پاکستانی حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ نائن الیون کا حملہ کرنے والے زیادہ تر لوگ سرحد پار کرکے پاکستان چلے گئے ہیں۔ القاعدہ نے ایسا نیٹ ورک تیار کر لیا تھا جو بہت زیادہ خطرناک ہے۔ دریں اثنا امریکی صدر بارک اوباما نے اپنا یہ عزم دہرایا ہے کہ جہاں بھی اسامہ بن لادن اور القاعدہ کا نیٹ ورک اور ان کے محفوظ ٹھکانے ہونگے ان سب کا خاتمہ کردیا جائیگا۔ انہوں نے ورجینیا قومی انسداد دہشت گردی سنٹر میں انٹیلی جنس مبصرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسامہ بن لادن کا نیٹ ورک امریکہ پر حملے کا منصوبہ بنا سکتا ہے اور القاعدہ کے جہاں بھی ٹھکانے ہونگے ان کو نشانہ بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ علم ہے کہ القاعدہ اور انکے بیرونی اتحادی دنیا کے مختلف علاقوں جن میں پاکستان‘ مشرقی افریقہ‘ جنوبی مشرقی ایشیا اور یورپ اور خلیج شامل ہیں وہاں موجود ہیں اسی لئے ہم وہاں القاعدہ پر اپنا دباﺅ بڑھا ر ہے ہیں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں امریکہ پر حملے کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا مگر ہم پر ایسے منصوبے کو روکنے کے لئے سب کچھ کر گزرینگے۔ پوری دنیا کی توجہ القاعدہ پر مرکوز ہے۔ القاعدہ کو شکست دینے کے لئے فوج کے پاس یہ بہترین وقت ہے۔