افغانستان سے امریکی انخلا سے پاکستان کا رویہ پھر تبدیل ہوسکتا ہے: جان میکین
واشنگٹن (آن لائن) امریکی سینیٹر جان میکین نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ کے افغانستان سے نکلنے کی صورت میں پاکستان کا طالبان بارے رویہ ایک بار پھر تبدیل ہوسکتا ہے صدر اوباما کو ماضی کے حکمرانوں کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے ایسی غلطیوں سے گریز کرنا ہوگا جن سے افغانستان کو پھر دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑا جائے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی ضمانت دیتے ہیں کہ اگر امریکہ صرف افغانستان سے نکلنے کا اشارہ دےدے تو پاکستان اور خصوصاً آئی ایس آئی کا رویہ طالبان کے بارے میں ایک بار پھر تبدیل ہوجائے گا۔ انہوں نے افغانستان میں روس کی شکست کے بعد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر اوباما کو ان غلطیوں پر نظر رکھنا ہوگی جب روسی شکست کے بعد افغانستان میں طالبانائزیشن بڑھی اور طالبان نے القاعدہ کے ساتھ مل کر اپنا اثر و رسوخ بڑھایا۔