رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم کی تعلیمات و ہدایات
ممتاز عالم مصباحی
رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے مختلف موقع سے پوری انسانیت بالخصوص امت مسلمہ کو ایسی تعلیمات و ہدایات دی ہیں کہ انسان اگر ان کی روشنی میں زندگی گذارے تو معاشرہ کے اندر کسی قسم کی کوئی بدنظمی نہ ہو اور معاشرہ کا ہر فرد ایک دوسرے کے ساتھ مخلصانہ اور مثبت سوچ و فکر رکھے۔
رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم کی ان تعلیمات و ہدایات سے احادیث کی کتابیں بھری پڑی ہیں۔ سردست ذیل میں ان میں سے چند ہی نمونے پیش کیے جا رہے ہیں۔ اس اطمینان و یقین کے ساتھ کہ اگر ان چند ہی پر صدق دلی سے عمل کر لیا جائے تو آج مسلم معاشرہ میں جن گوناں گوں خرافات و واہیات کی کار فرمائی ہے ان میں کافی حد تک کمی آجائے اور معاشرہ میں خوشگوار فضاء قائم ہو۔
سلام کرنا
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا ہے کہ تم اس وقت تک جنت میں داخل نہ ہو گے جب تک ایمان نہ لاؤ اور اس وقت تک ایمان کامل نہ ہوگا جب تک آپس میں م بت نہ کرو۔ میں تم کو ایسی بات نہ بتاؤں کہ تم اس پر عمل کرو تو تمہارے درمیان محبت بڑھے اور وہ بات یہ کہ سلام کو رواج دو یعنی آپس میں واقف اور ناواقف سب کو سلام کرو۔
(مسلم)
نیت کا صلہ
حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے ارشاد فرمایا کہ اعمال کی جزائیں نیتوں کے ساتھ وابسطہ ہیں۔ اور ہر شخص کے کام کا ثمرہ وہی ہے جس کی وہ نیت کرے گا۔
(بخاری)
حضرت جابر رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ ہمارے یہاں رسول اللہ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم ملاقات کی غرض سے تشریف لائے تو ایک آدمی کو دیکھا جو گردوغبار سے بھرا ہوا تھا اور بال بکھرے ہوئے تھے آپ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا کہ کیا اس آدمی کے پاس کنگھا نہیں ہے جس سے وہ اپنے بالوں کو درست کرلیتا۔ اور آپ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے ایک دوسرے آدمی کو دیکھا جس نے میلے کپڑے پہن رکھے تھے آپ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا کیا اس آدمی کے پاس وہ چیز نہیں ہے (لباس نہیں ہے) جس سے یہ اپنے کپڑے دھو لیتا۔
(مشکٰوہ)
قناعت
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا کہ خوش نصیب ہے وہ شخص جو اسلام لایا اور ضرورت بھر سامان رکھتا ہے اور جو کچھ اللہ تعالٰی نے اس کو دیا اس پر قناعت کرتا ہے۔
(مسلم)
جودوسخا
حضرت ابن مسعو رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا کہ قابل رشک دو ہی طرح کے آدمی ہیں۔ ایک وہ جس کو اللہ تعالٰی مال دے اور وہ اللہ کے راہ میں لگائے اور دوسرا وہ جس کو اللہ تعالٰی حکمت دے تو وہ لوگوں کے درمیان فیصلہ کرے اور سکھائے۔
(بخاری و مسلم)
صبرواستقامت
حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا جو شخص صبر کرنے کی کوشش کرے گا اللہ اس کو صبر دے گا اور صبر سے بہتر اور بہت سی بھلائیوں کو سمیٹنے والی بخشش اور کوئی نہیں۔
(بخاری و مسلم)
زبان و شرم گاہ کی حفاظت
حضرت سہیل ابن سعد رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا اگر کوئی شخص مجھے اپنی زبان اور شرم گاہ کی ضمانت دے تو میں اس کے لئے جنت کی ضمانت لے لوں گا۔
(بخاری)
شرم و حیاء
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ روایت فرماتے ہیں کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا حیاء اور ایمان کو ایک جگہ رکھا گیا ہے۔ ان میں سے جب ایک کو اٹھایا جاتا ہے تو دوسرا بھی اٹھا لیا جاتا ہے۔
(بیہقی)
اہل و عیال کے لیے مہربان
اُم المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے ارشاد فرمایا کہ ایمان کے لحاظ سے کامل وہ ہے جس کے اخلاق سب سے بہتر ہوں اور اپنے اہل وعیال پر مہربان ہو۔
(الترغیب و الترہیب)
حصول علم
جامع صغیرالعسکری فی الصحابہ میں یہ ارشاد نقل کیا گیا ہے کہ علم حاصل کرنے والا جاہلوں کے درمیان ایسا ہے جیسے مردوں کے درمیان زندہ۔ اور جامع صغیرالبزاز میں رسول اللہ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم کی یہ ارشاد درج ہے کہ جب کسی طالب علم کی جدوجہد کے درمیان موت آجائے تو وہ شہید ہو جاتا ہے۔
احترام انسانیت
حضرت بریدہ رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ سے فرمایا: اے علی! کسی عورت پر اچانک نگاہ پڑ جائے تو نظر پھیر لو۔
غرور کا نقصان
حضرت حارثہ بن وہب رضی اللہ تعالٰی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا جنت میں انا پسند، نیت پسند، تنگ دل، اجڈ اور بدخو شخص داخل نہ ہو سکے گا۔
(ابوداؤد)
غصہ
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ طاقت ور درحقیقت وہ شخص نہیں ہے جو کشتی میں دوسروں کو پچھاڑ دیتا ہے بلکہ طاقت ور تو درحقیقت ہو ہے جو غصہ کے موقع پر اپنے اوپر قابو رکھتا ہے۔ یعنی غصہ میں آکر کوئی ایسی حرکت نہیں کرتا ہو جو اللہ اور اس کے رسول صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم کو نا پسند ہے۔
(بخاری)
حسد
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا حسد سے بچو۔ حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جیسے آگ لکڑی کو کھاتی ہے۔ یا خشک گھاس کو۔
(ابوداؤد)
وعدہ خلافی
حضرت ابو سعید خدری اور حضرت جابر رضی اللہ تعالٰی عنہما سے مروی ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا منافق کی تین نشانیاں ہیں:۔
جب بات کہے تو جھوٹ کہے۔
وعدہ کرے تو اس کے خلاف کرے۔
اس کے پاس امانت رکھی جاے تو خیانت کرے۔
(بخاری و مسلم)
غیبت و چغلی
حضرت ابو سعید خدری اور حضرت جابر رضی اللہ تعالٰی عنہما سے مروی ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا غیبت زنا سے سخت ترگناہ ہے۔
(مشکٰوہ)
حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ چغل خور جنت میں نہیں جائیں گے۔
(بخاری و مسلم)
سچ اور جھوٹ
حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا سچ نیکی کی طرف ہدایت کرتا ہے۔ آدمی سچ بولتا ہے۔ یہاں تک کہ اللہ تعالٰی اس کو سچوں میں لکھتا ہے اور جھوٹ گناہوں پر آمادہ کرتا ہے (ابھارتا ہے) اور گناہ دوزخ کی طرف لے جاتا ہے۔
(بخاری و مسلم)
ظلم
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا ظلم قیامت کے دن ظالم کے لئے سخت اندھیرا بنے گا۔
(مشکٰوہ)
فحش گوئی اور بدزبانی
حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ نے فرمایا کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا فحش بات کہنے والا اور اس کی اشاعت کرنے والا یہ دونوں گناہ میں برابر ہیں۔
(مشکٰوہ)
افواہ طرازی
حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا شیطان آدمی کے بھیس میں کام کرتا ہے۔ وہ لوگوں کے پاس آکر جھوٹی باتیں کرتا ہے۔ پھر لوگ جدا ہو جاتے ہیں تو ان میں سے ایک آدمی کہتا ہے کہ میں نے یہ بات ایک آدمی سے سنی ہے جس کا چہرہ تو پہچانتا ہوں نام نہیں جانتا۔
(مسلم)
دو رُخا پن
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا تم قیامت کے دن بدترین آدمی اس شخص کو پاؤ گے جو دنیا میں دو چہرے کے ساتھ ملتا تھا۔ کچھ لوگوں سے ایک چہرے کے ساتھ اور دوسرے لوگوں سے دوسرے چہرے کے ساتھ۔
(بخاری و مسلم)
مزدور کی اجرت
ابن ماجہ سے مروی ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا کہ مزدور کو پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی اجرت دے دو۔
بری صحبت
جامع صغیر میں ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا۔ بری صحبت، بدکرداری اور بخل کا سبب بنتی ہے۔
عیب پر پردہ ڈالنا
رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے ارشاد فرمایا۔ جس نے کسی مسلمان کے عیب پر پردہ ڈالا اس نے گویا ایک مردہ کو زندہ کیا۔
(جامع صغیر)
مریض کی عیادت
مسلم شریف میں ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے ارشاد فرمایا کہ قیامت کے روز خدا فرمائے گا۔ اے آدم کے بیٹے! میں بیمار پڑا اور تونے میری عیادت نہیں کی؟ بندہ کہے گا پروردگار تو ساری کائنات کا رب، بھلا میں تیری عیادت کیسے کرتا؟ خدا فرمائے گا میرا فلاں بندہ بیمار پڑا تو تونے اس کی عیادت نہیں کی۔ اگر تو اس کی عیادت کو جاتا تو مجھے وہاں پاتا۔
حاجت روائی
حضرت انس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے ارشاد فرمایا۔ جس نے کسی ضرورت مند کی ضرورت اس نیت سے پوری کی کہ وہ اپنی ضرورت پوری ہونے پر خوش ہوگا تو گویا اس نے مجھے خوش کیا اور جس نے مجھے خوش کیا اس نے اللہ تعالٰی کو خوش کیا اور جس سے اللہ تعالٰی خوش ہوگا اسے جنت میں داخل کردےگا۔
(بیہقی)
غریب کو حقیر جاننا
صحیح مسلم شریف میں ہے کہ رسول اکرم صَلی اللہُ عَلَیہِ وَسَلم نے فرمایا:۔ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ چکٹ اور پراگندہ حال غریب، جسے دروازں پر سے دھکیل دیا جاتا ہے۔ اگر وہ اللہ تعالٰی کے بھروسے پر قسم کھا لے تو اللہ تعالٰی اس کی قسم پوری فرماتا ہے۔
[/b]