رج جوزا
دائرئہ بروج کا تیسرا برج اور ہوئی تکون کا پہلا اہم رکن برج جوزا ہے۔ اپنے نشان جڑواں بچوں کی طرح یہ دہرے پن اور دو رُخوں کا مظہر ہے، یعنی اپنی ماہیت میں ذوجسد پن، تغیر و تبدل، اس کا مزاج ہے۔ اپنی فطرت میں مثبت ہے۔ اعضائے جسمانی میں ہاتھ اور بازو اس سے متعلق ہیں، جب کہ اندرونی اعضا میں پھیپھڑے، انسانی سوچ اور دیگر ذہنی سرگرمیاں اس کے ماتحت ہیں۔ اس کا حاکم سیارہ عطارد منشی فلک کہلاتا ہے، لہٰذا تحریر و تقریر، پیغام رسانی، سفر اور رسل و رسائل، ذرائع ابلاغ ومواصلات پر اثرانداز ہوتا ہے۔
ثور اور جوزا کی حد اتصال
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 19 مئی تا 24 مئی ہے تو آپ برج ثور اور برج جوزا کے سنگم پر پیدا ہوئے ہیں اور اس طرح دونوں برجوں کی خصوصیات کا دل چسپ امتزاج رکھتے ہیں۔ اس سنگم پر پیدا ہونے والے افراد کو سدابہار کہا جا سکتا ہے۔ وہ طاقت ور، قائل کرنے والے اور زرخیز ہوتے ہیں۔ وہ جو کچھ بھی کریں، بے تحاشا کرنا چاہتے ہیں لیکن ثور اور جوزا کی حد اتصال شخصیت میں تضادات بھی پیدا کرتی ہے، جس کی وجہ ثور اور جوزا کے عناصر کا اختلاف ہے۔ اس سنگم پر ثور کی خاکی خصوصیات جوزا کی ہوائی خصوصیات سے جڑی ہوئی ہیں اور یہ تضاد جسم اور دماغ کے مابین پے چیدہ مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ شاید اسی وجہ سے ان لوگوں میں مخصوص جذبات انگیز حس کا فقدان ہوتا ہے اور وہ اپنی جبلت پر بھروسا بھی نہیں کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ جذباتی معاملات میں حد سے زیادہ گڑبڑا جاتے ہیں یا دوسروں کے جذبات اور احساسات کی طرف سے حددرجہ بے حس اور سردمہر نظر آتے ہیں۔ اگر وہ نظم و ضبط کو فروغ دیں اور اپنی اہلیت و استعداد کا درست استعمال کریں تو پائیدار کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو محدود رکھیں اور زیادہ شعبوں میں ٹانگ نہ اڑائیں، بلکہ کسی ایک ہی شعبے میں مہارت حاصل کرنے پر دھیان دیں۔
جوزا شخصیت اور کردار
برج جوزا کا نشان جڑواں بچے ہیں۔ یہ نشان کسی جوزا شخصیت کے دہرے پن کی نشان دہی کرتا ہے۔ جوزا کا عنصر ہوا ہے، جس سے اظہار ذات کی نشان دہی ہوتی ہے۔
جوزا افراد بڑی آسانی سے لوگوں کو اپنا دوست بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ غیرمعمولی ہمہ گیری اور دانش ورانہ تجسس، زبردست ذہنی استعداد اور اثرآفرینی جوزا افراد کی شخصیت کا خاصا ہے۔ ان لوگوں میں بلا کی ذہنی توانائی موجود ہوتی ہے۔ ایک جوزا شخصیت اور کردار کی مکمل طور پر تشریح کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ اس کی وجہ ان کی شخصیت کا دہراپن ہے۔ ان لوگوں میں بیک وقت وفاداری اور متلون مزاجی، خلوص و محبت اور ہوشیاری، وفا اور جفا موجود ہو سکتی ہیں۔ یہ تبدیلی پسند کرتے ہیں اور نئے منصوبوں کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں۔
برج جوزا کا حاکم سیارہ عطارد پیغام رساں کہلاتا ہے، اسی لیے جوزا افراد کی شخصیت و کردار میں تیزفہمی، سبک رفتاری اور بے باکی پائی جاتی ہے۔ وہ فوراً کسی کام کو یا صورت حال کو سمجھ لیتے ہیں تاہم استقامت کے سخت فقدان کا شکار ہوتے ہیں اور ایک غیرمستقل مزاجی کی کیفیت ان کی شخصیت کا حصہ بنی رہتی ہے۔ اسی طرح یہ لوگ اکثر کسی کام کے آغاز پر جس قدر پُرجوش نظر آتے ہیں، اس کے اختتام پر عموماً منظر سے غائب ہو چکے ہوتے ہیں۔ سفر اور اسپورٹس ان کے لیے بے حد ضروری ہیں۔ رابطہ اور میل جول ان کی زندگی کے جوہر ہیں۔ تنہائی اور اکیلے پن کو یہ برداشت نہیں کر سکتے۔ کسی بھی مقابلے یا بازی کی سنسنی خیزی سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ آزادی سے خرچ کرتے ہیں اور اکثر فوری نوعیت کے کاموں کی طرف جلد راغب ہوتے ہیں۔ کسی کام کو شروع کرنے کے بعد ایک لمبے عرصے تک نتائج کے انتظار میں صبر و سکون سے بیٹھناان کے بس کی بات نہیں۔جوزا افراد کی حس مزاح اور تفریح پسندی کی عادت ہمیشہ عروج پر رہتی ہے۔ یہ اپنے حلقہ احباب میں ہمیشہ چہکتے ہوئے نظر آئیں گے۔ ان لوگوں کو ہر صورت میں مستقل مزاجی پر توجہ دینا چاہیے۔
جوزا کا عشرہ اوّل
اگر آپ برج جوزا کے تحت 25 مئی سے 2 جون تک پیدا ہوئے ہیں تو آپ کا تعلق جوزا کے عشرئہ اوّل سے ہے اور آپ دہرے عطاری اثرات کے حامل ہیں۔ اس عرصے میں پیدا ہونے والے جوزا افراد جنگجویانہ فطرت رکھتے ہیں۔ وہ اپنے جس موقف کو درست سمجھتے ہیں، اس پر ڈٹ جاتے ہیں، خواہ یہ موقف غلط ہی کیوں نہ ہو اور اسے منوانے کے لیے انہیں کتنی ہی مخالفت اور دشمنی مول لینا پڑے۔ یہ لوگ عمل کی آزادی اور سوچ کی آزادی پر گہرا یقین رکھتے ہیں، لہٰذا معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے بے بس اور مجبور لوگوں کو ناصرف تحفظ فراہم کرنا چاہتے ہیں بلکہ ان کا استحصال کرنے والوں سے انہیں نجات بھی دلانا چاہتے ہیں۔یہ لوگ ہمیشہ متحرک نظر آتے ہیں اور اپنا وقت ضائع نہیں کرتے۔ اگر کوئی ان کی بات یا ان کا موقف نہیں سمجھ سکتا تو یہ اس کا مسئلہ ہے۔ یہ اسے چھوڑ کر تیزی سے آگے بڑھ جائیں گے۔ غیرمعمولی ذہنی توانائی، مہمان نوازی اور خودانحصاری ان کی شخصیت کے نمایاں وصف ہیں۔ یہ لوگ اعلیٰ مقاصد اور فنون لطیفہ میں بہت شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ ان کا تیزی سے سوچنے کا عمل ان کی بے پناہ سرگرمیوں کی عکاسی کرتا ہے مگر ان کی سوچ بہت تیزی سے بدلتی ہے اور وہ ایک منصوبے سے دوسرے منصوبے تک چھلانگ لگانے میں کوئی تاخیر نہیں کرتے، لہٰذا اکثر اپنے پیچھے نامکمل منصوبوں کی ایک لمبی قطار چھوڑ جاتے ہیں۔ درحقیقت عمر کے ابتدائی حصے میں جو چیزیں انہیں بوجھ اور بندش لگتی ہیں، وہی مستقبل میںا ن کی ترقی اور کامیابی کے لیے ضروری ہوتی ہیں مگر اکثر یہ انہی ذمے داریوں کو پورا کیے بغیر کچھ دوسری اوٹ پٹانگ سرگرمیوں میں ملوث ہو کر اپنے آپ کو ضائع کر سکتے ہیں اور ابتدائی عمر میں ان لوگوں کو بہت زیادہ ذمے دارانہ رویوں کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہیں چاہیے کہ جو کام شروع کریں، اسے پایہ تکمیل تک ضرور پہنچائیں۔ دوسروں سے میل ملاقات میں صبر و تحمل پیدا کریں۔ اس عشرے میں پیدا ہونے والی چند مشہور شخصیات یہ ہیں: امریکی صدر جان ایف کینیڈی، شہرئہ آفاق فلمی اداکارہ مارلن منرو، مشہور امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر، شہرئہ آفاق ادیب تھامس ہارڈی، حال ہی میں اکیڈمی ایوارڈ حاصل کرنے والے فلمی اداکار کلینٹ ایسٹ وڈ، مشہور اداکارہ بروک شیلڈ وغیرہ۔
جوزا کا عشر ہ دوم
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 3 جون سے 10 جون تک ہے تو آپ برج جوزا کے دوسرے عشرے سے تعلق رکھتے ہیں، جس پر سیارہ زہرہ اثر انداز ہے اور اس طرح آپ کی شخصیت سیارہ عطارد اور زہرہ کے اثرات کا حسین امتزاج پیش کرتی ہے۔عشرئہ دوم کے تحت آپ ایک ٹھوس طریقہ اظہار کے مالک ہیں اور حقیقت کو پوشیدہ رکھنا پسند نہیں کرتے۔ آپ کو دوسروں سے داد وصول کر کے بے حد طمانیت حاصل ہوتی ہے۔ ممکن ہے آپ یہ بھی محسوس کرتے ہوں کہ دوسرے آپ کی بات درست طور پر نہیں سمجھ رہے، اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ آپ وہ طریقہ اظہار اختیار کرتے ہیں جو دوسروں کے لیے مشکل یا مبہم ہو سکتا ہے۔ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ آپ بہت منہ پھٹ ہیں، خوشامد اور چاپلوسی آپ کو نہیں آتی، فقرے چست کرنا یا طنزیہ گفتگو آپ کا محبوب مشغلہ ہے۔ اس سلسلے میں آپ خود کو بھی معاف نہیں کرتے، بحث و مباحثہ اورمناظرے بازی آپ کو پسند ہے اور اس حوالے سے آپ اپنا مخصوص موقف اور طرز استدلال رکھتے ہیں۔ صنف مخالف کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے سارے گر آپ جانتے ہیں۔ آپ ہر میدان میں کامیابی اور فتح کا جھنڈا لہرانا چاہتے ہیں۔ آپ کا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ آپ کو نظرانداز کیا جاتا ہے یا سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔ بہرحال یہ طے ہے کہ آپ ایک کھلے دل، کھلے ذہن اور کھلے ہاتھ سے خرچ کرنے والے انسان ہیں۔
جوزا کا عشرہ سوم
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 11 جون سے 18 جون تک ہے تو آپ برج جوزا کے تیسرے عشرے میں پیدا ہوئے ہیں۔ یہ عشرہ سیارہ یورینس کے زیراثر ہے، لہٰذا آپ کے اندر جدت و ایجاد پسندی کے ساتھ تھوڑی سی سختی بھی پائی جاتی ہے۔ آپ حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کرنے کے اہل ہیں لیکن آپانسانی سوچ کو بھی برقرار رکھتے ہیں۔ اگرچہ یہ عشرہ موجدین کا ہے لیکن نفسیات بھی آپ کے لیے مناسب پیشہ ہے۔ اس عشرے کا مرکزی تصور ”متلاشی“ ہے۔ عشرئہ سوم کے عشرے میں پیدا ہونے والے افراد دلیر، مہم جو اور طالع آزما ہوتے ہیں۔ وہ اس بات کے لیے کوشاںر ہتے ہیں کہ کون و مکاں کی حدود و قیود سے آگے نکل جائیں۔ یہ لوگ جسمانی سرگرمیاں اور نگ رلیوں سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ بے چین فطرت کے حامل سیماب صفت جوزا عشرئہ سوم کے افراد اپنی نجی زندگی میں متواتر متحرک رہتے ہیں۔ وہ جگہ، کاروبار، کیرئیر اور دوست بدلتے رہتے ہیں۔ یہ لوگ جتنی آسانی اور سہولت سے اپنا کاروبار چلاتے ہیں، اتنی ہی آسانی سے اپنا گھر بھی چلاتے ہیں۔
ایک نظر میں مثبت اور منفی خصوصیات
جوزا شخصیت اپنے مثبت پہلوﺅں میں حاضر جواب، ہنس مکھ، ہمہ گیر، ذہین، پُرجوش، مصلحت اندیش، موقع شناس، زندہ دل اور خوش مزاج ہوتی ہے جب کہ اس کے منفی پہلو یہ ہیں: قوت فیصلہ کا فقدان، بے ڈھنگاپن، خودپسند، بے پروا، بے تعلق، جلد بدل جانے والا، فضول گو، آوارگی پسند، ہرجائی۔
جوزا شوہر
بحیثیت شوہر جوزا مرد ایک ایسی شریک حیات چاہتا ہے جو اس کے ذہنی اور جسمانی مشاغل میں اس کا ساتھ دے سکے اور ضروریات سے زیادہ گھریلو ماحول کی پابندی ہو کر نہ رہ جائے۔ وہ جتنی مرتبہ فرمائش کرے، وہ اتنی ہی مرتبہ گھر کا ماحول تبدیل کرنے کے لیے آمادہ ہوجائے۔ ایک غلبہ پسند عورت جوزا شوہر کے لیے مناسب نہیں ہوتی، کیوں کہ عموماً جوزا افراد کی گھریلو زندگی برائے نام ہوتی ہے۔ جوزا مرد دوسری عورتوں سے ہنسی مذاق کرنے کا عادی ہوتا ہے لیکن اس کی ذہنی آوارہ گردی کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے۔
درحقیقت جوزا مرد میں بہت زیادہ سمجھ بوجھ ہوتی ہے اور ان سے زیادہ کوئی اور مرد رومانوی کردار ادا نہیں کر سکتا۔ اگر جوزا مرد کو ایک ایسی شریک حیات مل جائے جو اس کے خاندانی تصورات کو حقیقت بنا دے اور اس کے ساتھ دنگا فساد نہ کرے تو اس کی شادی بڑی کامیاب رہے گی۔ یہ لوگ اپنے احساس کم تری کو چھپانے کے لیے صرف دکھاوے کا رعب جماتے ہیں۔ گھریلو زندگی میں جوزا شوہر کا رویہ تھوڑا سا تنقیدی ہوتا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ہر کام ان کی مرضی کے مطابق ہی ہونا چاہیے لیکن جب حالات ان کی مرضی کے خلاف جار ہے ہوں تو یہ ہنگامہ برپا کر دیتے ہیں۔ زندگی کی یکسانیت سے یہ لوگ نفرت کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ لوگ اپنے بچوں سے بڑی محبت کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرتے ہیں۔
جوزا بیوی
ایک بیوی کی حیثیت سے جوزا عورت بہترین اور دانش مند شریک حیات ثابت ہوتی ہے۔ اس کے لیے زیادہ پُرکشش چیز ذہنی رفاقت ہوتی ہے۔ اسے یہ احساس دلانا چاہیے کہ وہ رفیق حیات ہے،کوئی خادمہ نہیں ہے۔ جوزا عورت کے لیے ضروری ہے کہ شادی کے بعد بھی وہ گھر سے باہر بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے، لہٰذا ان کے شوہروں کو یہ شکایت ہو سکتی ہے کہ ان کی بیوی امورخانہ داری کو مناسب وقت نہیں دیتی ہیں۔ بہرحال اگر دونوں کے درمیان ہم آہنگی موجود ہے تو اس صورت حال پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ بعض حالات میں یہ بھی ہوتا ہے کہ جوزا عورت اپنی بہترین صلاحیت سے کام لے کر اپنے گھر اور کیرئیر دونوں کے ساتھ بڑی خوش اسلوبی سے انصاف کرتی ہے۔ جوزا عورت اس بات پر بہت زور دیتی ہے کہ اپنے گھر کو کس طرح چلایا جائے۔ اگرچہ وہ دوسری بیویوں کی طرح زیادہ وقت اپنے گھر میں نہیں گزارتی لیکن یہ خواتین ذہین، شائستہ اور سلیقہ مند ہوتی ہیں اور بدنظمی برداشت نہیں کرتیں۔ وہ پُرکشش اور باخبر ہوتی ہیں اور اپنے شوہروں کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
جوزا باپ
ایک باپ کی حیثیت سے آپ کا زاویہ نگاہ آپ کے بچوں کی بہ نسبت زیادہ پختہ اور وسیع ہے، لہٰذا آپ کے اور آپ کی اولاد کے درمیان جنریشن گیپ یا ذہنی فاصلہ پیدا ہونے کا اندیشہ نہیں۔ آپ زمانے کے ساتھ ساتھ چلتے ہیں، خاص طور سے اپنے بچوں کے مستقبل اور ترقی کے معاملے پر آپ کی سوچ زمانے سے ہم آہنگ ہے۔ تاہم آپ حد سے زیادہ نکتہ چیں اور حاکمیت پسند ہوسکتے ہیں۔ بے جا مداخلت کے رجحان سے بچنے کی کوشش کریں۔
جوزا ماں
آپ کا شمار ان معدودے چند خواتین میں ہوتا ہے جو کسی پیشہ ورانہ مصروفیت کے تقاضوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ گھر اور بچوں کی ذمے داریاں پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، نیز چالاکیاور گھماﺅ پھراﺅ کی حیرت انگیز شعبدے بازی میں زبردست مہارت کا مظاہرہ کر سکتی ہیں۔ آپ کو دانش ورانہ تحریک کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگرچہ آپ ایک بہترین ماں ہیں مگر صرف ماں بننے پر ہی قناعت نہیں کرتیں۔ آپ کی سب سے بڑی خامی ممکنہ شفقت کا فقدان ہو سکتی ہے۔ بہرحال آپ ترغیب و تحریک کے تحت گوناگوں سرگرمیوں میں حصہ لیتی ہیں اور تفریح کا سامان فراہم کرتی ہیں۔
برج جوزا کی محبت کے رنگ ڈھنگ
برج جوزا سے متعلق افراد(خواتین و مرد) متعدد معاشقوں، تعلقات حتیٰ کہ شادیوں کے سبب خاصی شہرت پاتے ہیں۔ ان لوگوں کو ایک ٹھوس بنیاد کی ضرورت ہوتی ہے اور انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ شادی کا مقصد محض تفریح نہیں بلکہ یہ ایک بھاری ذمے داری ہے۔ محبت کے معاملات میں یہ لوگ عارضی پینگیں بڑھانے اور خوشیاں بکھیرنے میں بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن پھر دل توڑنے میں بھی ان کا کوئی جواب نہیں ہے۔ ان کی مثال ایک ایسے شخص کی ہے جو ادھر اُدھر منہ اٹھائے پھرتا ہے اور کبھی چین سے نہیں بیٹھتا۔ جوزا افراد کی محبت یا تعلقات کے اسرار کو سمجھنا بڑا مشکل کام ہے۔ ان کا زاویہ نگاہ ہمیشہ ذہنی اور منطقی ہوتا ہے۔ گویا یہ محبت اور تعلقات میں دل سے نہیں بلکہ دماغ سے کام لیتے ہیں۔ شاید اسی وجہ سے ازدواجی تعلقات ان کے نزدیک ایک ثانوی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں۔ اگرچہ یہ لوگ ایک مفروضہ آئیڈیل کے حصول کے لیے سرگرداں رہتے ہیں لیکن خرابی یہ ہے کہ ان کا وہ آئیڈیل بھی ان کے وقتی موڈ کے مطابق بدلتا رہتا ہے۔ ان لوگوں کی ذہنی قلابازیوں سے ان کے خیالات اور خواہشات میں بڑی تیزی سے تبدیلیاں رونما ہوتی رہتی ہیں۔ دوسرے لوگوں کی سست روی جوزا افراد کے لیے ہمیشہ ایک مسئلہ بنی رہتی ہے۔ ان کے شریکِ کار یا شریکِ حیات کے لیے ذہین اور چاق و چوبند ہونا لازمی ہے، بصورت دیگر روزانہ کوئی تنازع جنم لیتا رہے گا۔
یہ لوگ بیک وقت دو یا دو سے زائد جگہ عشق لڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہوا کے مانند آزاد رہیں۔ ان کے بارے میں کوئی پیش گوئی کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ انہیں اپنے محبوب یا جیونساتھی کے انتخاب میں بڑی ہوشیاری سے کام لینا چاہیے۔ انہیں ایک ایسے ساتھی کی ضرورت ہوتی ہے جو مسلسل ان کی دل چسپیوں کو ابھارتا رہے، زندگی میں یکسانیت پیدا نہ ہونے دے۔