رج اسد
دائرئہ بروج میں اس کا نمبر پانچواں ہے اور اپنی ماہیت میں یہ ثابت(جامد) ہے۔ آتشی تکون کا دوسرا رکن برج اسد حاکمیت، طاقت و توانائی، جرات و بہادری، اعلیٰ اقدار اور بلند مقامات کا مظہر ہے۔ اعضائے جسمانی میں اس کا تعلق دل اور پشت سے ہے۔ اس کے زیراثر پیدا ہونے والے افراد مضبوط جسمانی ساخت، زبردست طاقت، قوت برداشت اور ثابت قدمی کے لیے مشہور ہوتے ہیں۔ یہ لوگ کسی بیماری سے کم زور ہو جانے کے بعد بہت جلد تن درست و توانا ہونے کی فطری خصوصیت رکھتے ہیں۔
اسد کا طرہ امتیاز
برج اسد کے تحت پیدا ہونے والے افراد کا نمایاں وصف انا اور حکمرانی ہے۔ محبت کے معاملات میں بھی یہ لوگ عاشق تو ہو سکتے ہیں لیکن معشوق نہیں بن سکتے۔ قیادت کا رجحان ان میں پیدائشی طو رپر موجود ہوتا ہے۔ ایمان داری اور وفاداری ان کی سرشت میں شامل ہے۔ کم تر اور گھٹیا چیزوں کی ان کی زندگی میں کوئی گنجائش نہیں۔ ہمیشہ کوئی اعلیٰ مقام یا شان دار چیزیں ان کی نگاہوں کا مرکز ہوں گی۔ ان کے خیالات ہمیشہ اپنے وسائل سے زیادہ بلند ہوتے ہیں۔ دوراندیشی اور سخاوت، آزاد مزاجی، پختہ عزم اور مضبوط ارادے ان کا طرئہ امتیاز ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ احساس تفاخر اور امتیاز کا جذبہ اور خوداعتمادی بھی ان میں حد سے زیادہ ہوتی ہے۔ اطاعت اور فرماں برداری کو پسند کرتے ہیں جب کہ سرکشی اور بغاوت یا اپنی رائے سے اختلاف کرنے والے نافرمان لوگوں کے لیے ان کے دل میں کوئی گنجائش نہیں ہوتی ہے۔
برج سرطان اور اسد کی حد اتصال
اگر آپ کی پیدائش 19 جولائی سے 25 جولائی تک ہوئی ہے تو آپ برج سرطان اور اسد کی حد اتصال پر پیدا ہوئے ہیں اور آپ کی شخصیت آبی برج سرطان اور آتشی برج اسد کے امتزاجی اثرات کادل چسپ نمونہ ہے۔ سرطان اور اس کے سنگم پر پیدا ہونے والوں میں متلون مزاج شخصیت کی حیثیت سے ابھرنے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں قرار نہیں آتا۔ یہ جلدی جلدی ایک حد سے دوسری حد تک چھلانگ لگاتے رہتے ہیں۔ دراصل حرکت کی بہت سی صورتیں تبدیلی اور مسلسل تبدیلی اس سنگم پر پیدا ہونے والوں کی خصوصیت ہوتی ہے، ناصرف جسمانی حرکت مثلاً سفر، رہائش کی تبدیلی، مہم جوئی اور اسپورٹس وغیرہ، بلکہ خیالات اور جذبات میں بھی تغیر اور تبدیلی ان کا خاصہ ہے۔ یہ لوگ ایک لمحے میں شرمیلے اور الگ تھلگ اور دوسرے ہی لمحے چست اور متحرک اور سرگرم عمل نظر آتے ہیں۔ درحقیقت یہ سرطان کی آبی حسیت اور اسد کی آتشی غضب ناک خصوصیت کی عکاسی ہے۔ ان لوگوں کو اپنے اتار چڑھاﺅ کی شدت پر قابو پانا ہے اور اپنی سرگرمیوں کو دھیما کر کے انہیں سیدھے راستے پر رکھنا چاہیے، ساتھ ہی اپنے اختلافی رجحانات کو مصالحت اور مفاہمت کے سانچے میں ڈھالنا چاہیے۔
اس عرصے میں پیدا ہونے والے افراد میں ارتعاش، توانائی اور جوش و خروش کا رجحان پایا جاتا ہے۔ انہیں اس کی ضرورت ہے کہ یہ چیلنجوں کو تلاش کریں اور ان پر حاوی ہونے کی کوشش کریں۔ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ نشیب و فراز سے قطع نظر استحکام کے نتائج نہایت عمدہ ہوتے ہیں۔ خودنظمی کو پروان چڑھائیں مگر کبھی اپنی بے ساختگی کو نہ کھوئیں۔ ماضی کے مسائل اور مستقبل کی توقعات کو بھول کر حال میں زندہ رہنے پر زیادہ توجہ مرکوز نہ کریں۔
سرطان اور اسد کی حداتصال پر پیدا ہونے والی دنیا کی مشہور شخصیات میں سکندراعظم، ماﺅنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے والے پہلے کوہ پیما سر ایڈمنڈ ہیلری، شہرئہ آفاق ناول نگار ارٹسٹ ہیمنگوے، ایتھوپیا کے بادشاہ ہیل سلاسی، بحراوقیانوس پر پرواز کرکے اسے عبور کرنے والی پہلی امریکن خاتون ایملا راہٹ اور سائمن بولیور شامل ہیں۔
اسد شخصیت و کردار
دائرئہ بروج میں برج اسد نہایت طاقت ور اور اثرآفرین ہے۔ سورج آپ کا حاکم سیارہ ہے اور اس ناتے ساری دنیا کو آپ کے قدموں میں ہونا چاہیے۔ آپ سے عظیم کارناموں، شان دار اور حیرتانگیز کاموں کی توقع رکھی جا سکتی ہے۔ آپ فطری طو رپر ایک قائد ہیں، ہوش ربا صلاحیتوں کے مالک، اختیارات تفویض کرنے والے نیز ذمے داری اٹھانے کی بلا کی قدرت آپ رکھتے ہیں۔ دوسروں کے احساسات کو اچھی طرح سمجھنا اور ان کی پذیرائی کرنا، ہم دردی، خیال آفرینی اور بے حد رحم دلی کا مظاہرہ کرنا آپ کی شخصیت کا حصہ ہے، تاہم آپ میں رعونت ہے اور آپ خوشامد پسند بھی ہیں۔ ساتھ ہی آپ کے مزاج میں جانب دارانہ رویوں کا رجحان بھی موجود ہے۔برج اسد اولوالعزمی اور فیاض، اعتبار، محبت اور دوستوں کی صحبت کی انتہائی پسندیدگی کی نمائندگی کرتا ہے لیکن ان تمام باتوں میں آپ اپنے مخصوص معیارات کو بھی نظرانداز نہیں کرتے۔ یہ تمام کام نہایت خلوص اور سنجیدگی سے انجام دیتے ہیں۔ آپ کو مرکز نگاہ بننا بہت اچھا لگتا ہے۔ آپ اسپورٹس اور دیگر علوم و فنون کے بھی شائق ہیں۔ آپ کی فطری صلاحیتوں کی وجہ سے آپ کے اندر خودسری اور سرکشی کا رجحان پایا جاتا ہے۔ شاہانہ کرّوفر کا انداز بھی آپ کی خودسری کا سبب ہو سکتا ہے۔ آپ کو ہوش مندی و دانش مندی کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔
آپ کی شخصیت اور فطرت دوستانہ، مہربان اور درخشاں ہے۔ جیسا کہ آپ کا سیارہ روشن و تاباں سورج ہے۔ آپ دوسروں کے قریب ہونا، ان کی خوشیوں میں شریک ہونا اور اپنی خوشیوں میں انہیں شریک کرنا پسند کرتے ہیں۔ فیاضی کے ساتھ کبھی کبھی نمود و نمائش بھی آپ کے کردار کا خاصہ ہے۔ اگرچہ آپ دوسروں کے درمیان نمایاں، باوقار اور مرکز نگاہ بنے رہنا چاہتے ہیں مگر آپ کبھی بھی ایسی کوئی حرکت نہیں کرتے جو احمقانہ کہی جا سکے۔ اس طرح دوسروں کی احمقانہ باتیں یا حرکات بھی آپ کو سخت ناپسند ہوتی ہیں۔ شروع سے آخر تک توجہ کا مرکز بنے رہنے میں سب سے اہم نکتہ داد و تحسین وصول کرنا ہے نہ کہ تمسخر کا نشانہ بننا۔ آپ کے نزدیک عزت اور احترام کی بہت اہمیت ہے۔ آپ زندگی بھر اس کے لیے جتن کرتے رہتے ہیں اور اس حوالے سے کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کرتے۔ آپ ہمیشہ زندگی سے بھرپور لطف اٹھانا چاہتے ہیں لیکن اگر آپ کو وہ حیثیت یا مرتبہ مل جائے جس کے آپ متلاشی ہیں تو اسی پر قانع ہو جاتے ہیں۔ حالات اطمینان بخش ہوں تو اپنے معمولات کے استحکام سے لطف اندوز ہونے لگتے ہیں۔ آتشی برج ہونے کے سبب آپ کسی بھی وقت بے حد پُرجوش اور مغلوب الغضب ہو سکتے ہیں۔
عشرہ اوّل
اگر آپ کی پیدائش 26 جولائی سے 2 اگست تک ہوئی ہے تو آپ برج اسد کے پہلے عشرے میں پیدا ہوئے ہیں۔ اس عشرے کا ذیلی حکمراں بھی سیارہ شمس ہی ہے، لہٰذا آپ ایک بھرپور اسد شخصیتکے مالک ہیں۔
برج اسد کے عشرئہ اوّل کا مرکزی تصور ”حاکمیت“ ہے۔ اس عرصے میں پیدا ہونے والے سال بھر کے سب سے طاقت ور اور خودمختار لوگوں میں شما رکیے جاتے ہیں۔ اگرچہ بہت سے لوگوں میں قائدانہ صلاحیتیں ہوتی ہیں لیکن عام طور سے انہیں دوسروں پر حکم چلانے سے زیادہ غرض یا دل چسپی نہیں ہوتی بلکہ اپنے آپ کو منوانے اور سنجیدگی سے لیے جانے سے زیادہ دل چسپی ہوتی ہے۔ ایک اہم بات یہ کہ ان کی توانائیوں کا بیشتر اخراج باہر سے زیادہ اندر کی طرف ہوتا ہے، یعنی وہ ان سے اپنی طاقت اور صلاحیتوں کو فروغ دینے کا کام لیتے ہیں۔ اکثر ان کے اہداف ذاتی نوعیت کے ہوتے ہیں جن کے حصول کے لیے وہ نہایت بے رحمی اور ثابت قدمی سے کوشاں رہتے ہیں۔ خود اپنی ہی پچھلی کامیابیوں پر سبقت لے جانا، یعنی خود اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑنا ان کی نمایاں خصوصیت ہے۔ دراصل وہ اکثر اپنے ماحول پر حکمرانی کرنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔ ان لوگوں کو اکثر دوسروں کے معاملات میں فیصلہ کرنے کے لیے بلایا جاتا ہے۔ ان میں بلندی کی طرف پرواز کرنے کا رجحان پایا جاتا ہے اور وہ بہت ہی بااثر اور طاقت ور مقام پر بھی پہنچ سکتے ہیں۔ زندگی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے وہ کچھ زیادہ ہی اہل ہوتے ہیں لیکن بعض صورتوں میں ان کی پیشہ ورانہ زندگی ان کے ذاتی اہداف اور حقیقی دل چسپیوں کو نگل لیتی ہے۔ اس کا نتیجہ بے شک گہری مایوسی اور بے چینی کی صورت میں نکل سکتا ہے۔
عشرئہ اوّل میں پیدا ہونے والے اسد افراد اپنے بچوں کے لیے لازمی طو رپر ایک حاکم یا مالک و مختار کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ وہ اپنی کامیابی کی دھن میں خود کو کسی فرم یا ادارے کے لیے ناگزیر بنا لیتے ہیں۔ ان کے لیے بہترین مشورہ یہ ہے کہ لوگ جیسے بھی ہیں انہیں اسی طرح قبول کرلیں، مثبت بھی اور منفی بھی۔ تھوڑی سی خوش طبعی آپ کی اہمیت کو بڑھا سکتی ہے۔
اس عشرے میں پیدا ہونے والی چند نام ور شخصیات یہ ہیں: شہرئہ آفاق ڈراما نگار جارج برنارڈشا، مشہور ماہر نفسیات کارل یونگ، نوبل انعام یافتہ امریکی ماہر معاشیات و قانون بلٹن فریڈمنٹ، اٹلی کا ڈکٹیٹر مسولینی، امریکی فورڈ کمپنی کا مالک ہنری فورڈ، سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی بیوہ جیکی اوناسس، شہرئہ آفاق کرکٹر سر گارفیلڈ سوبر، مشہور اداکار پیٹررٹول، آرنلڈ شیوارزنیگر اور موجودہ دور کے عظیم ریسلر اور کئی بار عالمی چمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے ٹرپل ایچ۔
برج اسد کا عشرہ دوم
اگر آپ برج اسد کے زیراثر 3 اگست سے 10 اگست تک پیدا ہوئے ہیں تو آپ کا تعلق برج اسد کے دوسرے عشرے سے ہے، جس کا ذیلی حاکم سیارہ مشتری ہے جو خوش قسمتی اور الہامی دانش کا سیارہ کہلاتا ہے۔ شمس کے ساتھ مشتری کے اثرات کا امتزاج نہایت شان دار نتائج دیتا ہے، خاص طور سے مادی آسائشوں، دولت و ثروت، سفر، سماجی رتبے اور حیثیت کے لیے یہ عشرہ نہایت سازگار ہے۔ اس عشرے کا مرکزی خیال ”متوازن طاقت“ ہے۔ مشتری کا اثر آپ کو مذہبی موضوعات میں دل چسپی لینے پر مجبور کر سکتا ہے اور آپ کی جبلی استعداد تقریباً اضافی حس کی سرحد کو چھو سکتی ہے، یعنی آپ مذہبی معاملے میں نہایت شدت پسند بھی ہو سکتے ہیں اور قطعی لاتعلق بھی۔ اس عشرے کے زیراثر آپ لذت طلب اور دنیا کی عمدہ ترین چیزوں سے رغبت رکھنے والے ہو سکتے ہیں۔ بینکنگ اور دیگر مالیاتی اداروں سے آپ کی انتظامی صلاحیتیں انصاف کر سکتی ہیں۔
آپ اپنی صلاحیت اور طاقت پر فخر کرتے ہیں اور عام طور سے اس کو تعمیری انداز میں استعمال کر کے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اسی طرح اکثر ایسے چیلنجوں یا سرگرمیوں کی طرف کھنچتے ہیں جو نقصان دہ حتیٰ کہ خطرناک ہو سکتی ہیں۔ آپ کو مطلوبہ ہدف سے اتنی دل چسپی نہیں ہوتی جتنی ہدف تک پہنچنے کی وجہ سے ہوتی ہے۔ آپ کوئی منصوبہ شروع کریں تو اسے مشکل ہی سے ترک کرتے ہیں۔ آپ اتنے مستقل مزاج اور برداشت کا مادہ رکھنے والے ہیں کہ کسی مشکل منصوبے میں تادیر پھنسے رہ سکتے ہیں۔ بہرحال کبھی کبھی آپ کی ضد اور ہٹ دھرمی آپ کے لیے نقصان دہ بھی ہو سکتی ہے۔ آپ کو چاہیے کہ حالات میں خرابی کو جوں کا توں نہ رہنے دیں، اپنے مزاج پر قابو رکھیں۔ گرم مزاجی آپ کو غیرمتوازن کر سکتی ہے اور آپ کے حریف کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔ کم زوریوں سے نفرت نہ کریں، سمجھوتا اور معاملہ فہمی کی خوبیوں کو پروان چڑھائیں۔
اس عشرے میں پیدا ہونے والی چند نام ور شخصیات یہ ہیں: برطانوی شاعر الفریڈ ٹینی سن، شیلے، شہرئہ آفاق فرانسیسی افسانہ نویس موپاساں، چاند پر پہلا قدم رکھنے والے خلاباز نیل آرمسٹرانگ، پنیسلین کا موجد الیگزینڈر فلیمنگ، نوبل انعام یافتہ سائنس داں ارنسٹ لارنس، فلم ساز و اداکار ایڈ فشر، اداکار ڈٹسن ہوف مین اور رسوائے زمانہ جاسوسہ ماتاہری۔
اسد کا عشرہ سوم
برج اسد کے عرصے میں 11 اگست سے 18 اگست تک پیدا ہونے والوں کا تعلق اسد کے تیسرے عشرے سے ہے۔ اس عشرے پر سیارئہ شمس کے ساتھ سیارہ مریخ کے اثرات بھی پڑ رہے ہیں جو طاقت اور جنگ سے متعلق ہے اور ان لوگوں کو اپنے مقاصد کے حصول میں جارحانہ انداز اختیار کرنے پر مجبور کرتا ہے۔
برج اسد کے اس تیسرے عشرے کا مرکزی نکتہ خیال ”قیادت“ ہے۔ اس دوران میں پیدا ہونے والے افراد پیدائشی لیڈر ہوتے ہیں۔ ان میں سے بعض حکمران بننے اور دوسروں پر برے یا بھلے کی خاطر طاقت کا استعمال کرنے میں دل چسپی رکھتے ہیں جب کہ اس عشرے کے دوسرے لوگوں کو قیادت یا حکمرانی سے کوئی دل چسپی نہیں ہوتی بلکہ وہ اپنے خیالات و افکار تمثیل و اخلاقیات کے ذریعے دوسروں کی رہنمائی کرنا چاہتے ہیں۔
عشرئہ سوم والے اسدی افراد گہرے اور جذباتی طور پر پے چیدہ لوگ ہوتے ہیں۔ وہ اکثر شایداپنے اندر وجود آتش فشاں کے سبب اچانک بے پناہ سرگرم عمل ہو جاتے ہیں بلکہ غصے سے پھٹ پڑتے ہیں، نیز تشدد پر بھی آمادہ ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ وہ بڑی مقناطیسی شخصیت کے حامل اور بڑے پُرکشش ہوتے ہیں مگر ان کے دوستوں اور رفقاکار کے لیے انہیں سمجھنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ یہ لوگ حد سے زیادہ حساس ہو سکتے ہیں۔ درحقیقت وہ اپنے طاقت ور احساسات کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔ یہ لوگ زندگی کی انتہائی دنیاوی صورت حال، یعنی روزمرہ کے معمولات میں بھی دلیری یا مہم جوئی کے عناصر ڈھونڈ لیتے ہیں اور اکثر و بیشتر ایک عام سی فضا کو بھی ایک خاص تاثر بلکہ ایک شان عطا کر دیتے ہیں۔ اس طرح وہ خود سب کی نگاہوں کا مرکز بن جاتے ہیں۔ یہ لوگ اکثر کسی اعلیٰ مقصد یا فکر کے لیے کام کرتے پائے جاتے ہیں۔ کچھ لوگ انہیں خودغرض سمجھتے ہیں لیکن ان کی سرگرمیاں ان سے جس طرح کے ایثار، ذاتی اخلاص اور وفاداری کا تقاضا کرتی ہیں، وہ ان الزامات کو جھٹلاتی ہیں۔ اپنی حد درجے خود اعتمادی کے باعث عشرئہ سوم کے عشرے میں پیدا ہونے والے ایسے لوگ بھی ہیں جو اپنے بارے میں یہ سمجھتے ہیں کہ ان سے کبھی کوئی غلطی سرزد ہو ہی نہیں سکتی یا یہ کہ انہیں کبھی کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا۔ ان لوگوں کو غیرحقیقت پسندانہ رجحانات سے گریز کرنا چاہیے اور اپنے حاکمانہ اور غالبانہ پہلو کو دھیما کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔عشرئہ سوم کے عرصے میں پیدا ہونے والی چند مشہور شخصیات یہ ہیں: نپولین بونا پارٹ، فیڈل کاسترو، برطانوی سیاست دان جیمز ہارڈی، پاکستان کے سابق جنرل ضیاءالحق اور موجودہ صدر مملکت پرویز مشرف، سابق وزیر اعظم پاکستان محمد خان جونیجو، غلام مصطفی جتوئی، لارنس آف عریبیہ، ناول نگار سر والٹر اسکاٹ، پروفیسر عبدالسلام خورشید، دیوان سنگھ مفتون، آغا شورش کاشمیری، مدیر نقوش محمد طفیل، سید وقار عظیم، شہرئہ آفاق ہدایت کار الفریڈ ہچکاک، سیسل بی ڈیمل، رومن پولانسکی، گلوکارہ واداکارہ میڈونا، اورمے ویسٹ، مصورہ اینا مولسکا احمد، شاعر صبا اکبر آبادی، اختر انصاری اکبر آبادی، روحانی پیشوا سیدنا طاہر سیف الدین، بیگم سلمیٰ تصدق حسین، صالحہ عابد حسین اور وجے لکشمی پنڈت۔
مثبت اور منفی خصوصیات.... ایک نظر
اسد شخصیت اپنی مثبت خصوصیات میں فراخ دل اور سخی، باوقار، گرم جوش اور عاشق مزاجی، وفادار اور خود شناس، چست اور متحرک فن کار، ڈرامائی اور شاہانہ طور طریقوں کی حامل ہوتی ہیں جب کہ ان کی منفی خصوصیات میں شیخی، ضرورت سے زیادہ پُراعتمادی، تکبر اور تشدد، غرور و خودپسندی، بے صبرا پن اور موڈی ہونا شامل ہے