عقرب
دائرئہ بروج میں عقرب آٹھواں برج ہے۔ علم نجوم میں اسے نسلی ارتقا، تخلیقی صلاحیت اور شراکتی مفادات سے منسوب کیا گیا ہے۔ آبی تکون(سرطان، عقرب اور حوت) کا یہ دوسرا برج ہے اور اپنی ماہیت میں ثبات و ٹھہراﺅ رکھتا ہے۔ لاشعوری طو رپر ایک صوفی، عارف، روحانیت سے جڑا ہوا ہے اورشعوری طو رپر تحقیق، تفتیش اور چھان بین سے وابستہ ہیں۔
عقرب کی حد اتصال اوّل
اگر آپ 22 اکتوبر سے 25 اکتوبر کے درمیان پیدا ہوئے ہیں تو گویا آپ برج میزان اور برج عقرب کے امتزاجی سنگم کے اثرات رکھتے ہیں۔ آپ کو ایک خالص عقربی نہیں کہا جا سکتا۔ آپ برج میزان کے اثرات بھی لے کر پیدا ہوئے ہیں اور ایک دل چسپی اور انوکھا مزاج رکھتے ہیں جو تضادات سے خالی نہیں۔ یوں سمجھ لیں جیسے کرم و ستم، محبت و نفرت، عیب و محاسن ایک انوکھے برتن میں جمع کر دیے گئے ہوں۔
تجسس اور جاسوسی یا سراغ رسی کی فطرت آپ کا خاصہ ہے۔ روح اور مادہ دونوں آپ کے لیے اہم ہیں۔ کسی کو بھی آپ نظرانداز نہیں کر سکتے۔ جذبات میں جوش اور گہرائی، اچھی کتابوں، عمدہ لباس، فن کارانہ امور اور دوسری پُرکشش چیزوں میں دل چسپی آپ کی بنیادی خصوصیات ہیں۔ آپ ڈاکٹر، وکیل، سرجن، سراغ رساں، ماہر صفائی، بیمہ کار، دواساز، کان کن، اداکار و فن کار بن سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ محقق، سائنس دان، ماہر نفسیات بھی ہو سکتے ہیں۔
عقرب شخصیت
برج عقرب کے زیراثر شخصیات کی زندگی میں روحانیت، شدت پسندی، احیائے اخلاق اور اقتصادیات کو بڑا دخل رہتا ہے لیکن اس برج کے مرکزی نکات تین ہیں۔
عقرب شخصیت کے تحت آپ کے اندر مہم جوئی کے جذبات بدرجہ اتم موجود ہیں اور پیدائشی طور پر ایسی قائدانہ صلاحیتیں ہیں جن کے ذریعے آپ اپنے لیے خصوصی مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ آپ کے اندر بلا کی قوت برداشت اور ہمت ہے اور آپ ایک بے خوف انسان ہیں۔ بطور حریف آپ اپنے مخالف کے لیے نہایت بے رحم ہو سکتے ہیں لیکن دوستوں کے ساتھ آپ بہت پُرخلوص، وفادار، ہم درد اور تعاون کرنے والے ہیں۔
تجسس اور شک کے جذبات آپ کے اندر بہت ہیں چناں چہ آپ کو دھوکا دینا بہت مشکل ہے۔ آپ اپنی انا اور بڑائی پر کسی طرح کی آنچ برداشت نہیں کرتے، خواہ یہ کوئی شائبہ ہی کیوں نہ ہو اور اگر کبھی ایسی کوئی صورت حال پیش آجائے تو آپ بہت جلد روٹھ جاتے ہیں یا افسردہ ہو جاتے ہیں۔آپ کی ذہنی صلاحیتیں بہت زیادہ تیز ہیں اور وجدانی قوتیں بھی نہایت زود حس ہیں۔ ساتھ ہی ماہرانہ صفات سونے پر سہاگہ۔ آپ کو اپنی رازدارانہ طبیعت اور پے چیدگی و گھماﺅ پھراﺅ کی عادت سے اجتناب برتنا چاہیے۔ قول و فعل میں صاف گوئی اور کھلے پن کے ساتھ سیدھے سادے انداز میں کام کرنا آپ کے لیے ہمیشہ زیادہ مفید ہوگا۔
آپ کو روحانی یا ماورائی معاملات سے فطری لگاﺅ ہے۔ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ آپ روحانیت یا ماورائی اور حقیقت یا مادیت کے دل چسپ امتزاج ہیں لیکن ساتھ ساتھ آپ کی مضبوط قوت ارادی اور مستقل مزاجی بھی ہے جو دو انتہاﺅں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ پھر بھی کبھی یہ ہو سکتا ہے کہ آپ کی زندگی پر کچھ خودساختہ نقصان دہ اثرات کا سبب یہی دو خوبیاں بن جائیں۔ آپ وقتاً فوقتاً اداسی اور رنج و غم میں مبتلا ہوتے رہتے ہیں اور یہ بھی آپ کے برج کی قدرتی خصوصیت ہے۔ اس کے ساتھ ہی آپ کے برج میں علاج معالجہ اور دوسروں کے دکھ درد کم کرنے کی خصوصیات بھی شامل ہیں۔ آپ میڈیکل کے شعبے میں بہت کامیاب ہو سکتے ہیں۔
عقرب کا عشرہ اوّل
ہر برج کا پھیلاﺅ تیس درجے تک ہے۔ اسے دس دس درجے کے تین مساوی حصوں میں تقسیم کیا جائے تو ہر حصہ آپ کی عقربی شخصیت کے نئے پہلو اجاگر کرتا ہے۔ ہر حصے کو عشرہ یا دریجان کہتے ہیں۔ اگر آپ 24 اکتوبر سے یکم نومبر تک کسی بھی تاریخ کو پیدا ہوئے ہیں تو آپ کا تعلق پہلے عشرےکے عقربی افراد سے ہے اور آپ کے حاکم سیارے پلوٹو اورمریخ ہیں۔ آپ کی شخصیت پر برج عقرب کے بھرپور اثرات پڑ رہے ہیں۔ آپ عمدہ قوت ارادی رکھتے ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ سنگ دلی، تکبر اور چال بازی کی خصوصیات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ آپ نہایت سرگرم اور پُرجوش ہیں لیکن آپ کو دوسروں پر اپنی مرضی مسلط کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور صبر و برداشت کے ساتھ افہام و تفہیم کا راستہ اپنانا چاہیے۔
عقرب کا عشرہ دوم
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 2 نومبر سے 11 نومبر تک ہے تو آپ کا ذیلی حاکم سیارہ نیپچون ہے، جو جدید علم نجوم میں برج حوت کا حاکم ہے اور پُراسراریت و ماورائیت اس سے منسوب ہیں۔ اکثر ماہرین نجوم برج حوت سے سیارہ مشتری کے تعلق کو بھی نظرانداز نہیں کرتے۔ وہ برج حوت پر نیپچون کے ساتھ مشتری کی حاکمیت کے نظریے کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک نظریہ یہ بھی ہے کہ برج حوت پر نیپچون کے اثرات و حاکمیت میں سیارہ مشتری شریک ہے۔ یہ صورت حال عقرب کے عشرئہ دوم میں پیدا ہونے والے افراد کی شخصیت و فطرت اور کردار میں عجیب و حیرت انگیز دل چسپیاں پیدا کر دیتی ہے۔ مشتری کے اثرات وسعت و ترقی کی علامت ہیں، بلند اور اعلیٰ اقدار کے حصول میں معاون ہوتے ہیں جب کہ نیپچون کو روحانی یا ماورائی قوتوں کا علم بردار کہا جاتا ہے۔ اس طرح اس عشرے میں پیدا ہونے والے افراد کی شخصیت نہایت پے چیدہ ہو جاتی ہے، جس کی تہ در تہ پرتیں ایک نیا ہی جہان حیرت رکھتی ہیں۔ ان لوگوں کی سب سے بڑی معرکہ آرائی خود اپنی ذات سے ہوتی ہے۔ ان کی منفی و مثبت صفات کے آثار کم عمری سے ہی نمایاں ہوتے ہیں۔ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے یہ لوگ ہر قسم کی قربانی دے سکتے ہیں اور اپنے لیے کوئی نمایاں مقام پیدا کر سکتے ہیں۔ اگر یہ لوگ بہتر ماحول اور عمدہ تعلیم و تربیت سے مثبت طرزعمل پر گامزن ہو جائیں تو عظیم کارنامے انجام دے سکتے ہیں جب کہ اس کے برعکس منفی طرزعمل کا شکار ہو کر اپنے اور دوسروں کے لیے تباہی و بربادی کا سبب ہو سکتے ہیں۔
عقرب کا عشرہ سوم
اگر آپ کی پیدائش 12 نومبر سے 22نومبر تک کے عرصے میں ہوئی ہے تو آپ برج عقرب کے تیسرے عشرے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس عشرے کا ذیلی سیارہ قمر، یعنی چاند ہے، لہٰذا آپ نے اپنے حاکم سیارے مریخ کے اثرات کے ساتھ چاند کے اثرات بھی قبول کیے ہیں۔ آپ ناصرف خودآزاد رہنا پسند کرتے ہیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی آزادی پسند کرتے ہیں لیکن چاند کے اثرات آپ کو بہت زیادہ جذباتی، تصوراتی اور غیرمستقل مزاج بناتے ہیں۔ آپ کو رنج و ملال، مایوسی اور مستقبل کے واہموں سے بچنا چاہیے اور ہر قسم کے دباﺅ سے ذہن کو آزاد رکھنا چاہیے۔ آپ بطور خاص بین الاقوامی معاونت، سفر اور پبلسٹی کی خصوصی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آپ کے رومانی تصورات میں عجیب سی پُراسراریت پائی جاتی ہے۔ ایک پُرکشش مقناطیسی شخصیت کے ساتھ آپ ہم دردانہ فطرت کے مالک ہیں۔
برج عقرب کی مثبت اور منفی خصوصیات
برج عقرب کے مثبت پہلوﺅں میں مضبوط قوت ارادی، خوداعتمادی اور مقناطیسیت، مصلحت اندیشی، گہرائی یا پُراسراریت، ہمت و حوصلہ، بے خوفی، ہوشیاری، مہارت، برداشت، بالغ نظری، ذی فہمی اور محنت شامل ہیں جب کہ منفی پہلوﺅں میں جوشیلا اور جذباتی پن، زودرنجی و ذکی الحسی، حسد، فتنہ پردازی، کینہ پروری، انتقام جوئی، غرور و تسلط یا غلبہ پانے کا رجحان، طنزیہ رویہ، تشدد، جلن اور مکاری شامل ہیں۔
مثبت یا منفی پہلوﺅں میں کمی یا زیادتی کسی بھی عقربی مرد یا عورت کے انفرادی زائچہ پیدائش میں کچھ دوسرے عوامل پر مکمل انحصار کرتی ہے۔ اگر پیدائش کے وقت سیارگان سعد اور قوی اثرات زائچے پر ڈال رہے ہوں تو مثبت خصوصیات نمایاں ہوں گی اور منفی خصوصیات دب جائیں گی جب کہ اس کے برعکس صورت حال میں منفی پہلو نمایاں ہوں گے۔
عقرب بچہ
یہ بچے جسمانی طور پر مضبوط ہوتے ہیں لیکن بے حد حساس ہونے کی وجہ سے اپنے اردگرد کے ماحول کا اثر جلد قبول کر لیتے ہیں، لہٰذا والدین کو چاہیے کہ ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ اپنے بچپن میں یہ ماحول کے جو بھی منفی یا مثبت اثرات قبول کرلیں گے، وہ بڑے ہونے کے بعد بھی ان کی شخصیت کا حصہ رہیں گے۔
عقرب بچوں کو غصہ بڑی جلدی آتا ہے اور وہ کینہ خو، انتقام پرور ہوتے ہیں۔ ہر معاملے میں عقربی شدت پسندی ان میں نمایاںہوتی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ ان کے جذباتی معاملات کو کبھی نظرانداز نہ کریں۔ رقابت، شرارت، عداوت، ضد، شک و شبہ جیسے جذبات کا رجحان پروان نہ چڑھنے دیں۔ یہ بچے نہایت قابضانہ مزاج رکھتے ہیں، سب کچھ اپنے لیے چاہتے ہیں، ورنہ کچھ نہیں چاہیے والا منفی رویہ اپناتے ہیں۔و الدین کو ان کے دیگر بہن بھائیوں سے تعلقات میں توازن برقرار رکھنے میں سخت دشواری کاسامنا ہوتا ہے۔
ان بچوں کو مرغن غذائیں نہیں دینی چاہئیں۔ حبس اور گھٹن زدہ کمروں میں یہ بیمار ہو سکتے ہیں۔ تازہ ہوا اور بھرپور نیند ان کے لیے بہت ضروری ہے۔ خون اور پیشاب سے متعلق امراض یا نفسیاتی امراض انہیں لاحق ہو سکتے ہیں۔